ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرکاری اعزاز کے ساتھ رام ولاس پاسوان کی آخری رسومات ادا

سرکاری اعزاز کے ساتھ رام ولاس پاسوان کی آخری رسومات ادا

Sat, 10 Oct 2020 20:20:49    S.O. News Service

پٹنہ،10؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) ہندستانی سیاست کے ’اجات شترو‘ لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) کے بانی رام ولاس پاسوان کی آج مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کردی گئیں۔ 'رام ولاس امر رہیں'، 'جب تک سورج چاند رہے گا رام ولاس پاسوان کا نام رہے گا'، 'گونجے دھرتی آسمان رام ولاس پاسوان' اور 'چراغ پاسوان مت گھبرانا تمہارے پیچھے سارا زمانہ' کے نعروں کے درمیان مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ پاسوان کی آخری رسومات یہاں دیگھا گنگا ندی کے کنارے جناردھن گھاٹ پر ادا کردی گئیں۔ بیٹے چراغ پاسوان نے انہیں مکھاگنی (آگ) دی۔ بعد ازاں جذباتی ہوکر چراغ پاسوان بے سدھ ہو گئے اور گر پڑے بعد میں ان کے چچازاد بھائیوں نے انہیں کسی طرح سنبھالا۔

اپنے چہیتے لیڈر کو آخری وداعی دینے کے لئے بڑی تعداد میں عام لوگوں کے علاوہ وزیراعلی نتیش کمار، نائب وزیر اعلی سشیل کمار مودی، مواصلات اور قانون کے مرکزی وزیر روی شنکر پرساد، مویشی پروری کے مرکزی وزیر گری راج سنگھ، مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے، صحت کے مرکزی وزیر مملکت اشونی کمار چوبے، بہار کے روڈ کنسٹرکشن کے وزیر نند کشور یادو اور وزیر صحت منگل پانڈے، اپوزیشن کے لیڈر تیجسوی پرساد یادو سمیت کئی جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ و اسمبلی اور سابق اراکین اسمبلی موجود تھے۔


Share: